احمد آباد 27/نومبر (ایس او نیوز) گجرات کے مختلف علاقوں میں بے موسمی بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 20 افراد ہلاک ہو گئے۔ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (SEOC) کے ایک اہلکار نے پیر کے روز بتایا کہ غیر متوقع اور زبردست بارش کے دوران گرنے والی آسمانی بجلی سے یہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس موقع پر ملک کے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے گجرات کے مختلف شہروں میں خراب موسم اور آسمانی بجلی گرنے سے ہونے والی اموات پر غم کا اظہار کیا اور کہا کہ مقامی انتظامیہ امدادی کاموں میں مصروف ہے۔
ایس ای او سی افسر نے بتایا کہ داہود ضلع میں چار، بھروچ میں تین، تاپی میں دو اور احمد آباد، امریلی، بناسکانٹھا، بوٹاڈ، کھیڑا، مہسانہ، پنچ محل، سابر کانٹھا، سورت، سریندر نگر اور دیو بھومی دوارکا میں ایک ایک کی موت ہوئی۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا ہے کہ پیر کو بارش میں کمی کا امکان ہے۔ایس ای او سی کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق اتوار کو گجرات کے 252 میں سے 234 تعلقہ میں بارش ہوئی۔ سورت، سریندر نگر، کھیڑا، تاپی، بھروچ اور امریلی اضلاع میں 16 گھنٹوں میں 50-117 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے زندگی درہم برہم ہوگئی اور فصلوں کو نقصان پہنچا۔
راجکوٹ کے کچھ حصوں میں ژالہ باری ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ بارش کی وجہ سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کے علاوہ سوراشٹر خطہ کے موربی ضلع میں فیکٹریوں کے بند ہونے کی وجہ سے سیرامک انڈسٹری بھی متاثر ہوئی ہے۔ آئی ایم ڈی کے احمد آباد سینٹر کی ڈائریکٹر منورما موہنتی نے کہا کہ پیر کو بارش کم ہوگی اور جنوبی گجرات اور سوراشٹرا اضلاع کے کچھ حصوں پر مرکوز ہوگی۔